نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکی جریدے فوربز نے رواں سال مشرق وسطیٰ کی 100 طاقتور ترین کاروباری خواتین کی فہرست جاری کر دی، جس میں 2 پاکستانی خواتین بھی شامل ہیں ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فہرست میں ٹاپ 10 خواتین ایگزیکٹوز میں سے دو پاکستانی خواتین شائستہ آصف چوتھے اور شازیہ سیدنویں نمبرپر موجود ہیں۔
شائستہ آصف متحدہ عرب امارات کے ایک معروف ہیلتھ کیئر نیٹ ورک پیور ہیلتھ کی شریک بانی اور گروپ سی ای او ہیں۔
2006 میں اس ہیلتھ کیئر کارپوریشن کے قیام میں اہم کردار ادا کرنے والی شائستہ آصف نے دسمبر 2023 میں گروپ سی ای او کا عہدہ سنبھالا، پیور ہیلتھ متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے انٹیگریٹڈ ہیلتھ کیئر نیٹ ورکس میں سے ایک ہے، جس میں ہسپتالوں، کلینک، ڈائگناسٹکس، انشورنس، فارمیسی، ہیلتھ ٹیکنالوجی، پروکیورمنٹ اور دیگر شعبے شامل ہیں۔
ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی شازیہ سید یونی لیور شمالی افریقہ لیوانٹ اورعراق کی جنرل منیجر ہیں، وہ بڑی کارپوریشنز میں وسیع تر تجربہ رکھتی ہیں اور عربیہ کے سینئر کسٹمر ڈویلپمنٹ لیڈ کا کردار بھی ادا کر رہی ہیں۔
شازیہ سید یونی لیور پاکستان کی سابق سی ای او رہ چکی ہیں، انہوں نے 2021 میں اپنا موجودہ عہدہ سنبھالا، وہ گزشتہ کئی سال کے دوران اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں اور پاکستان بزنس کونسل میں ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز رہی ہیں۔
شازیہ سید نے 1989 میں برٹش ملٹی نیشنل کنزیومر گڈز کمپنی یونی لیور میں بطور مینجمنٹ ٹرینی شمولیت اختیار کی ، انہوں نے پاکستان اور دیگر ممالک میں کاروبار کی متحرک دنیا میں خواتین کو بااختیار بنانے اور ترقی کے لیے نمایاں خدمات بھی انجام دی ہیں۔
فوربز کی فہرست میں شمولیت ان پاکستانی خواتین کے مشرق وسطیٰ کے کاروباری منظر نامے پر نمایاں اثرات کی نشاندہی کرتی ہے، اس فہرست کو مرتب کرنے میں جن معیارات کو مدنظر رکھا جاتا ہے ان میں گزشتہ ایک سال میں ان خواتین کی کامیابیوں اور کارکردگی کے ساتھ اس خطے کی مارکیٹ پر ان کی قیادت کے اثرات بھی شامل ہیں۔