واشنگٹن: (ویب ڈیسک ) امریکی سینٹرل کمانڈ نے اطلاع دی ہے کہ حوثیوں نے یمن میں اپنے زیر کنٹرول علاقوں سے ایک کارگو جہاز پر دو میزائل داغے جو بحیرہ احمر میں جزائر مارشل کا پرچم لہرا رہا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق منگل کے روز امریکی کمانڈ نے ایکس پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ میں بتایا کہ یونان کی ملکیت والا جہاز "سٹار آئرس" مکئی لے کر برازیل سے ایران میں امام خمینی بندرگاہ کی طرف جا رہا تھا۔
سینٹرل کمانڈ نے مزید کہا کہ "جہاز کو معمولی نقصان کی اطلاع ملی، لیکن اس کے عملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اور اس نے اپنی منزل کی طرف سفر جاری رکھا۔"
حوثی فوج کے ترجمان یحیی سریع نے ایک بیان میں کہا کہ یہ حملہ غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور یمن میں امریکی برطانوی حملوں کے جواب میں کیا گیا۔
یادرہے کہ 7 اکتوبر کو غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے حوثیوں نے مختلف قسم کے بیلسٹک میزائلوں اور دھماکہ خیز ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازوں پر 33 سے زائد حملے کیے ہیں۔
خود امریکی افواج کو بھی کئی بار براہ راست حملوں کا سامنا کرنا پڑا، اور اس کے جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کی تصدیق پینٹاگون نے پہلے کی تھی۔
ان حوثی حملوں نے عالمی جہاز رانی کی آمدورفت میں خلل ڈالا اور عالمی افراط زر کے خدشات کو جنم دیا، اس سے یہ خدشہ بھی بڑھ گیا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے اثرات مشرق وسطیٰ کو غیر مستحکم کر دیں گے اور تنازع کو وسعت دیں گے۔
حملوں نے کئی کمپنیوں کو بحیرہ احمر کے راستے اپنی مہمات روکنے پر مجبور کیا اور افریقہ کے گرد طویل اور زیادہ مہنگے راستے کو ترجیح دی، جبکہ امریکی اور برطانوی جنگی طیاروں نے یمن کے علاقوں میں جوابی حملے کیے۔