راولپنڈی: اڈیالہ کے باہر سے 3 دہشتگرد گرفتار، جیل کا نقشہ اور بارود برآمد

Published On 07 March,2024 02:53 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کر کے اڈیالہ جیل کے باہر سے 3 دہشتگرد گرفتار کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ معلومات پر مشترکہ کارروائی کی گئی اس دوران اڈیالہ جیل کے باہر سے 3 دہشتگردوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے تینوں دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے ہے، دہشتگردوں سے بھاری اسلحہ اور بارود کے علاوہ اڈیالہ جیل کا نقشہ اور آئی ای ڈی بھی برآمد کر لیے، تینوں کو مزید تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔