عطا تارڑ نے وزارت اطلاعات میں عہدے کا چارج سنبھال لیا

Published On 12 March,2024 10:22 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ نے وزارت اطلاعات و نشریات میں اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔

وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ وزارت اطلاعات میں اپنے دفتر پہنچے جہاں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد سمیت وزارت کے دیگر اعلیٰ افسران نے ان کا خیرمقدم کیا۔

یاد رہے کہ عطا اللہ تارڑ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ہیں، وہ حلقہ این اے 127 لاہور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، ایوان صدر میں بحیثیت وفاقی وزیر حلف اٹھانے کے بعد آج انہوں نے وزارت اطلاعات میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

وزارت اطلاعات آمد پر گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات کے دروازے صحافی برادری کیلئے کھلے رہیں گے، ملک میں مثبت اور تعمیری صحافت کو فروغ دینے، حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کیلئے میڈیا کے ساتھ مل کر کام کریں گے، میڈیا عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے، اس کردار کو بہتر طریقے سے نبھانے کی ضرورت ہے۔