اسلام آباد : (دنیانیوز) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے منصوبے بنائے، نئے عزم کے ساتھ کام کو آگے بڑھائیں گے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی حکومت اور ساتھیوں کا مشکور ہوں، ہم نے 16ماہ کی حکومت میں چین کا اعتماد دوبارہ بحال کیا، چین سی پیک کیلئے 5نئے کوریڈور شروع کرنے کیلئے تیار ہے، ہم پورے عزم کے ساتھ چین کی پیش کش کو حقیقت میں ڈھالیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ماضی میں ترقیاتی منصوبوں پر جس طرح کام ہونا چاہیے تھا نہیں ہوسکا، ہمارا کُل بجٹ قرضوں پر چل رہا ہے، قرضوں کی ادائیگی میں 7500ارب سے زائد پیسے درکار ہیں، قرضوں کی ادائیگی کیلئے وسائل سے ہٹ کر مزید قرضہ لینے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مزید قرضے لے کر اخراجات پورے کیے جارہے ہیں، کوئی بھی معیشت ان نمبرز کے ساتھ ترقی نہیں کرسکتی، ملک میں سیاسی بحرانوں کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے متاثر ہوئے۔
ان کاکہنا تھا کہ ہمیں 30ارب ڈالر کی ایکسپورٹ سے 100ارب ڈالر کی ایکسپورٹ پر پہنچنا ہے، یہ سفر آئندہ 7سے 8سالوں میں پورا کرنا ہوگا، دنیا کی مارکیٹوں میں پاکستانی برانڈز کو متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
مسلم لیگ ن رہنما نے کہا کہ اب ملک میں انتشار اورسیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کے بجائے اپوزیشن ہم پر مثبت تنقید کرے،جہاں ہم غلطی کریں ہمیں اس کی اصلاح پر توجہ دلائیں، سیاست کیلئے ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، یہ مسئلہ ان کی سیاست کا نہیں 24کروڑ عوام کے مستقبل کا ہے،ہمیں نوجوانوں کو بہتر اور خوشحال مستقبل دے کر جانا ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں ناقابل برداشت ہوچکی ہیں، ہم مقصد اور ہدف کیلئے اپنا سفر شروع کررہے ہیں، 2013اور18میں بھی چیزوں میں بہتری لاکر ریلیف دیا تھا، اس وقت آپ مزید سبسڈی بھی دیں گے تو قرضہ لے کر ہی دیں گے، بجلی اور گیس کے نظام سے چوری ختم کرنا ہوگی۔
ان کاکہنا تھا کہ یقناً ہمیں کفایت شعاری اختیار کرنی ہے اور حکومتی اخراجات میں کمی لانی ہے، وفاقی حکومت کے اخراجات 700ارب روپے بنتے ہیں، ہمیں ٹیکس کولیکشن میں دو سے تین گنا اضافہ کرنا ہے۔