لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے دنیا نیوز کے پروگرام’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ دن پہلے پکڑے گئے لوگوں سے اڈیالہ جیل کا نقشہ پکڑا گیا ہے، اڈیالہ جیل کے حوالے سے سیریس تھریٹ ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام قیدیوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے، بانی پی ٹی آئی کی حفاظت حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے، تمام اختلافات اپنی جگہ لیکن بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی بہتر کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کیا بڑا شفاف الیکشن ہوا ہے؟ چور اپنی چورنی سمیت جیل میں ہے، وہ جیل میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشیں کررہا ہے، ایس پی پلس کو کینسل کروانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نومئی کروانے والے جیل میں ہیں، دوسروں کو چور کہنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، تحریک انصاف کو بانی پی ٹی آئی کی کوئی فکرنہیں ہے، شیرافضل مروت کو کوئی کھانے والی سپاری نہ دے وہ سپاری دینے کا الزام لگارہا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی شوکت بسرا
پی ٹی آئی کے رہنما شوکت بسرا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز اپنی سیٹیں ہارے ہوئے ہیں، یہ گھبرائے ہوئے لوگ ہیں، آج ان کو سکیورٹی کی فکر ہے، یہ تو چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی صبح زندہ نہ رہے، شہبازشریف توجعلی پولیس مقابلوں کے ماہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں جاوید لطیف نے خود اعتراف کیا ان کی حکومت کٹھ پتلی ہے، محسن نقوی کو دھاندلا کروانے پر انعام کے طور پر وزارت داخلہ دی گئی، تحریک انصاف کی خواتین کے ساتھ ظلم کیا گیا، مسلم لیگ(ن) کی تربیت ضیاء الحق والی ہے، یہ منتخب حکومت نہیں ہے ان کو حکومت نہ کہا جائے۔
بیرسٹراحمد پنسوتا
بیرسٹراحمد پنسوتا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ٹربیونل کے فیصلوں سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، الیکشن کے بعد ہر جماعت الزام لگاتی ہے، جتنے بھی حلقے ہیں ان کا فیصلہ ہونا چاہئے، ٹربیونل کی تعداد کو دو کے بجائے زیادہ ہونا چاہئے۔