بانی پی ٹی آئی لانگ مارچ اور توڑپھوڑ کے 2 مقدمات میں بری

Published On 19 March,2024 12:32 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو لانگ مارچ اور توڑپھوڑ کے دو مقدمات میں بری کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے بانی پی ٹی آئی کی بریت اور پروڈکشن کی درخواست پر سماعت کی۔ فاضل جج نے عدالت میں پیش کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

بانی پی ٹی آئی کی درخواست بریت پر وکیل نعیم پنجوتھا نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی پر تمام مقدمات میں صرف ایما کی حد تک ہیں ایک ہی دن میں متعدد مقدمات درج ہوئے۔

بانی پی ٹی آئی کا ایک ہی طرح کا کردار رکھادفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیاگیا نہ بتایاگیا، مدعی ایس ایچ او ہے جس کو مقدمہ درج کرنے کا اختیار نہیں،بانی پی ٹی آئی پر درج مقدمات میں گواہان کے بیانات بھی نہیں۔

جج شائستہ کنڈی نے ریمارکس دیےکہ کیا اس سے پہلے بھی بانی پی ٹی آئی مقدمات میں بری ہو چکے ہیں؟

وکیل نے بتایااس سے قبل بھی بانی پی ٹی آئی متعدد مقدمات سے بری ہو چکے ہیں۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس میں بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے دونوں مقدمات میں بری کردیا۔

واضح رہے بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ سہالا اور لوہی بھیر میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔