پشاور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے کہا کہ علی امین گنڈا پور دبنگ وزیراعلیٰ ہیں اور اپنا حق چھیننا جانتے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ گراؤنڈ ٹو ارتھ میڈم کی اپنی ذہنی حالت قابل رحم ہے، مریم کو خوش کرنے کے لئے یہ میڈم الٹی سیدھی بیانات دے رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ منتیں ترلے کرنا آپ کی لیڈرشپ کا قومی مشغلہ ہے، قومی اور اشتہاری مجرم آپ کی لیڈر شپ ہے، 8 فروری کو قوم نے آپ کی جماعت کو چور ڈاکو ثابت کرنے پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے حوالے سے پی ٹی آئی کی ہمیشہ زیرو ٹالیرنس پالیسی رہی ہے، جعلی فارم 47 ، مینڈیٹ چور اور ثابت شدہ کھربوں کرپشن کیسز کے بعد چور لیگ اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، بانی پی ٹی آئی کے بعد اب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور وفاق اور پنجاب کے اعصاب پر سوار ہوچکے ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی لیڈر شپ جعلی مقدمات سے لندن بھاگنے والوں میں سے نہیں، ایک بار پھر چور لیگ کے لندن بھاگنے کا وقت قریب آچکا ہے۔