پاکستان کی روس کے کنسرٹ ہال میں حملے کی مذمت، متاثرین سے اظہار ہمدردی

Published On 23 March,2024 02:35 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی جانب سے روس کے دارالحکومت ماسکو کے کنسرٹ ہال میں دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ماسکو کے کنسرٹ حال میں ہولناک حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ہم روس کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ روس کے دارالحکومت ماسکو میں کنسرٹ کے دوران فائرنگ اور دھماکوں کے نتیجے میں 60 کے قریب افراد ہلاک، 150 سے زائد زخمی ہو گئے، کروکس سٹی ہال میں کنسرٹ جاری تھا اس دوران مسلح افراد نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی۔

روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد بھی استعمال کیا جس کی وجہ سے کروکس سٹی ہال میں زبردست آگ لگ گئی، 3 سے 5 افراد نے ہجوم پر ہتھیاروں سے فائرنگ کی، سکیورٹی اہلکار حملے کے دوران 100 افراد کو ہال سے نکالنے میں کامیاب رہے۔

روسی حکومت نے حملے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیتے ہوئے دارالحکومت ماسکو میں رواں ہفتے ہونے والی تمام عوامی تقریبات کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا اورعالمی برادری سے واقعے کی مذمت کرنے اور اسے بھیانک جرم قرار دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔