گلگت بلتستان میں بھی یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا

Published On 23 March,2024 04:57 pm

گلگت بلتستان: (دنیا نیوز) یوم پاکستان ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی شایان شان طریقے سے منایا گیا۔

دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا اور ساتھ ہی عبادت گاہوں میں ملکی استحکام اور سلامتی کے لئے دعائیں بھی کرائی گئیں، اس سلسلے میں پرچم کشائی بھی کی گئی جس میں فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل کاشف خلیل سیمت عسکر ی و سول قیادت نے شرکت کی۔

23 مارچ کے حوالے سے پاک فوج نے گلگت بلتستان میں یوتھ انٹریکٹیو پروگرام کا اہتمام کیا جس میں جی بی کے تمام اضلاع کے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کیا، قوم پرستی کے جذبے کو فروغ دیا اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے آگاہ کیا گیا۔

گلگت بلتستان میں حال ہی میں مختلف مقامات پر تعمیر کردہ شہدا موونیومنٹس پر پھول چڑھائے گئے اور  شہداء کے ورثاء کو اس دن کا حصہ بنایا گیا۔

پاکستان کو بنانے میں بے شمار قیمتی جانوں کی قربانی دی گئی اور یوم پاکستان انہی کاوشوں کو یاد کرنے کا دن ہے، پاکستان کے تحفظ اور بقاء کو یقینی بنانے کے لئے قربانیوں کا یہ سفر آج بھی جاری ہے۔

پاک فوج کے جوان ملک و قوم کی سلامتی کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں تو ہم چین سے جیتے ہیں، یوم پاکستان کے خصوصی موقع پر پوری قوم پاک فوج کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔