تعلیم کا شعبہ ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

Published On 07 December,2023 10:22 pm

گلگت: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ تعلیم کا شعبہ ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور تمام بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے بہترین اصلاحات کی جائیں گی۔

ایجوکیشن سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی گلبر خان کا کہنا تھا کہ تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے مثبت پالیسیوں کا تسلسل لازمی ہے، وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ اساتذہ کی ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی تیار کی جائے تاکہ اساتذہ کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی نہ ہو اور سکولوں میں اساتذہ کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔

حاجی گلبر خان نے کہا کہ غیر ضروری اٹیچ منٹس اور ٹرانسفر ایڈجسٹمنٹ کی حوصلہ شکنی کی جائے، مختلف علاقوں سے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ایڈجسٹ ہونے والے اساتذہ کی لسٹ تیار کریں، محکمہ تعلیم میں ای مینجمنٹ اور ای ٹرانسفر سسٹم متعارف کرانے کیلئے متعلقہ سیکرٹری اقدامات کریں۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ ایس پی ایس کے تحت ہونے والی بھرتیوں میں دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں مقامی اساتذہ کی بھرتی کو یقینی بنایا جائے، محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی خالی آسامیوں کی مروجہ طریقہ کار اور میرٹ کے مطابق بھرتیوں کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی ترقی کیلئے اے سی آر کا نظام ان کی ذمہ داریوں کے مطابق تیار کیا جائے، گلگت بلتستان کے سرکاری سکولوں کو قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی بورڈ سے منسلک کرنے کا حتمی فیصلہ کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا۔

حاجی گلبر خان نے کہا کہ قراقرم بورڈ کے معیار کی بہتری کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی جائے گی جو اپنی مثبت تجاویز قراقرم یونیورسٹی انتظامیہ کو دے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں اس وقت 22 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں جن کو سکولوں میں لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، خصوصی بچوں کی تعلیم کیلئے سپیشل ایجوکیشن سکول، ہاسٹل اور تمام سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔