نگران وزیر اعظم کی گلگت میں مواصلاتی نظام کی تعمیر نو اور بہتری کی ہدایت

Published On 13 September,2023 06:36 pm

گلگت: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گلگت میں مواصلاتی نظام کی تعمیر نو اور بہتری کے لیے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے وادیِ ہنزہ کا دورہ کیا، وزیراعظم کی ہنزہ کی سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقات ہوئی، وزیر اعظم نے قراقرم ایریا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے منصوبے ہنر کھن کا دورہ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کسی کو معاشرے کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے: نگران وزیر اعظم

ہنزہ کی سیاسی قیادت اور عمائدین نے ہنزہ میں بجلی کی طلب و رسد، آبادی کے تناسب سے اسمبلی میں اضافی نشستوں کی فراہمی اور دیگر معاملات سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے وفد کو گلگت بلتستان میں بجلی کے مسائل کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔

نگران وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو گلگت بلتستان میں نجی شعبے کے ساتھ مل کر مقامی طور پر بجلی کی پیداوار کی حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی، ملاقات میں گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت نے وزیراعظم کو سیاحت کے شعبے کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وفد نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ گلگت بلتستان کے مختلف حصوں کوفضائی رابطوں کے ذریعے منسلک کیا جائے، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو گلگت میں مواصلاتی نظام کی تعمیر نو اور بہتری کے لئے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی۔

وزیراعظم نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ نشاندہی کردہ تمام مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں، وزیر اعظم نے ہنزہ میں قراقرم ایریا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے منصوبے "ہنر کھن" میں ڈیجیٹل ہب اور خصوصی افراد کی بحالی کے سینٹر کا دورہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعظم کی گلگت بلتستان میں زیر التوا ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی

انوار الحق کاکڑ نے قراقرم ایریا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات کو سراہا، دورے میں وزیراعظم نے کاڈو ہنر کھن کے ہونہار فری لانسر طلباء و طالبات سے ملاقات کی۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کے لیے کام کرنے کا جوش و ولولہ انتہائی خوش آئند ہے۔