کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے سینئر نائب صدر جمیل احمد نے ملاقات کی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جمیل احمد نے گلگت بلتستان کی سیاسی اور انتظامی صورت حال اور عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
جمیل احمد نے بلاول بھٹو زرداری کو بریفنگ دی کہ گلگت بلتستان کی حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود ہم سے مشاورت نہیں کی جا رہی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل نے انتخابی حلقے جی بی ایل اے 2 میں پی پی پی کے حق میں فیصلہ دیا، جسے بعد میں بدل دیا گیا، انتخابی حلقہ جی بی ایل اے 2 میں ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے پی پی پی کو ہرایا جاتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی حلقہ جی بی ایل اے 2 کی نشست واپس لینے کیلئے ہم ہر ممکن اقدام کریں گے چاہے ہمیں عدالت جانا پڑے یا عوام کے پاس۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ گلگت بلتستان بھٹوازم کے رکھوالوں کی دھرتی ہے، ہم یہاں کے ایک ایک فرد کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔