اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں غزہ بچاؤ تحریک کے زیر اہتمام ڈی چوک میں احتجاج اور دھرنا دیا گیا، مظاہرین نے اسرائیل مخالف نعرے بازی کی جبکہ پولیس احتجاج روکنے کیلئے پہنچ گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غزہ بچاؤ تحریک کے زیر اہتمام فلسطینی میں جاری اسرائیلی بربریت کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا، اس موقع پر جماعت اسلامی کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، شرکاء نے مظلوم فلسطینیوں کیخلاف اظہار یکجہتی کرنے کیساتھ دھرنا بھی دیا۔
احتجاج سے واپسی پر اسلام آباد پولیس نے جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق سینیٹر مشتاق کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، اس دوران سینیٹر مشتاق احمد اور پولیس کے مبینہ شدید تلخ کلامی ہوئی جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جبکہ ویڈیو بنانے پر اہلکار شہری پر بھی برس پڑے۔
احتجاج کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ ہماری تحریک کا ایک نکاتی ایجنڈا صرف غزہ کو بچانا ہے، دھرنا ان قراردادوں کی روشنی میں ہے جو پارلیمنٹ میں پاس ہوئیں، پہلے قرارداد پاس کرتے ہو جب لوگ نکلتے ہیں تو ان کو ڈراتے ہو۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے، شہر میں بلا اجازت منعقد ہونے والے اجتماع کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، مظاہرین نے ہائی سکیورٹی زون میں داخل ہونے کی کوشش کی اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔
پولیس نے مزید کہا کہ پتھراؤ سے کانسٹیبل نعمان زخمی ہوا، مظاہرین نے شہریوں کی آمد و رفت کے راستے مسدود کر دیئے تھے، بلا اجازت اجتماع اور عوامی شاہراہوں کو مسدود کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی، کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع 15 دیں۔