اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سیاست پر ریاست کو ترجیح دی تو بحرانوں سے نکل جائیں گے۔
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے پی سی ایس آئی آر آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بڑی مشکل سے اپنا مینڈیٹ واپس لیا ہے، یہ مکمل مینڈیٹ واپس نہیں ہوا ہے، پچھلی مردم شماری میں ایک کروڑ افراد کم دکھائے گئے تھے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے 75 لاکھ لوگوں کو مردم شماری میں بازیاب کرایا ہے، ہمیں پڑھے لکھے نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجنا چاہئے، نوجوان بیرون ملک سے زرمبادلہ کما کر بھیجیں گے، ہم ایک بار بھی ن لیگ کے پاس وزارتوں اور گورنر شپ کے لئے نہیں گئے، ن لیگ نے ہمیں خود حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ کا گورنر شہری علاقے سے ہونا چاہئے، ہم نے کسی بھی مسئلے کو انا کا مسئلہ نہیں بنایا، سندھ حکومت نے 15 سالوں سے سندھ کے شہری علاقوں کی تعلیم جو نشانے پر رکھا ہوا تھا، ہم کوشش کریں گے کہ اس بحران سے سندھ کو نکالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں دانش سکول کھولے جائیں گے، سائنس و ٹیکنالوجی کی وفاقی یونیورسٹیز بھی کھولنے کی کوشش کریں گے۔