کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں دستی بم حملہ، 3 افراد زخمی

Published On 26 March,2024 07:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بلدیہ ٹاؤن میں دستی بم حملہ ہو گیا، ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ دستی بم حملے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق دستی بم شہری کے گھر کے باہر پھینکا گیا، گھر کے باہر افراد موجود تھے۔

پولیس حکام کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر 4 ملزم آئے اور دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کی گفتگو

ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی نے دستی بم دھماکے کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ افطار کے وقت دوموٹرسائیکلوں پر 4 افراد آئے، ملزموں نے گھر کے باہر بیٹھے اقبال نامی شخص سے کچھ بات کی۔

فیضان علی نے بتایا کہ ایک ملزم کے ہاتھ میں کالا شاپر تھا جس سے اس نے دستی بم نکال کر پھینکا، دستی بم جونہی پھینکا گیا محمد اقبال اُٹھ کر بھاگا، دستی بم گلی میں زمین پر گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں اقبال نامی شخص اور گزرنے والا لڑکا معمولی زخمی ہوئے، ملزم فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، جس شخص کے مکان پر دستی بم پھینکا گیا اسے کوئی تھریٹس نہیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ بھتہ کا بھی نہیں ہے، ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں، ملزموں نے جو گولیاں فائر کیں ان کے خول مل گئے ہیں جنہیں تحویل میں لے لیا ہے۔