اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملک میں سیلاب سے بڑا سیلاب جہالت کا ہے، جاگیردارانہ جمہوریت ہے، دنیا میں کہیں بھی یہ نظام موجود نہیں ہے، ہماری ترمیم سے ن لیگ نے اتفاق کیا ہے۔
خالد مقبول صدیقی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام پانی، بجلی کے لئے اپنے گھروں سے نکلے گی، بلاول بھٹو سے ہماری امیدیں ہیں، انہوں نے وعدہ کیا تھا ترمیم کا جائزہ لیں گے، ہماری سینیٹ میں ایک سیٹ بنتی تھی، سندھ میں بیلنس قائم رکھنے کیلئے ہم نے فیصل واوڈا کی حمایت کی ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ دوسری سیٹ پر فیصل واوڈا کو پیپلزپارٹی سے بھی حمایت ملی ہے، فیصل واوڈا کو ہم نے ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت نہیں دی، میں یہ سمجھتا ہوں ایسے مواقع ملے ہمیں جس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے، پڑوسی ممالک نے ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھایا اور غربت میں کمی آئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی 30 سال کے افراد پر مشتمل ہے، پاکستان کے کروڑوں نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جاسکتا ہے، این اے وی ٹی ٹی سی کے ذریعے نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جائے گا، اگر نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی تعلیم دیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔