لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں آہستہ آہستہ استحکام آ رہا ہے، اس کے ثمرات جلد نظر آئیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد روپیہ مستحکم ہوا ہے، ماضی میں حکومتوں کے ایسے معاشی مسائل نہیں تھے، معاشی مسائل بانی پی ٹی آئی کے 4 سالہ دور میں آئے۔
انہوں نے کہا کہ آج کابینہ کا اجلاس ہے، وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو اہداف کا کہا، اس سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا، تحریری طور پر وزارتوں کو اہداف کا کہا گیا ہے کہ ان کو مکمل کرنا ہے، آج وزارتوں سے پوچھا جائے گا کہ اہداف پورے کئے یا نہیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ لیگی مرحوم کارکن عتیق چودھری کے گھر پہنچے اور ان کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کیا، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا مشہود احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔