سکولوں کے نصاب میں ناظرہ قرآن شامل کرنے کی انٹرا کورٹ اپیل نمٹا دی گئی

Published On 30 March,2024 12:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز )اسلام آباد ہائی کورٹ نے سکولوں کے نصاب میں ناظرہ قرآن شامل کرنے پر انٹرا کورٹ اپیل نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے فیصلہ سنایا۔

عدالت نے کہا کہ وزارت تعلیم سے پوچھا کیا ایکٹ 2017ء کے تحت لازمی قرآنی تعلیم کو نصاب میں شامل کیا؟ بتایا گیا کہ قرآنی تعلیم کو نصاب میں شامل کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ قومی نصاب کونسل سیکرٹریٹ نے ناظرہ قرآن اور قرآن پاک کے ترجمے کیلئے این او سی جاری کیے، اسلام آباد پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے نجی تعلیمی اداروں کو بھی عملدرآمد کیلئے خطوط لکھے، وزارت تعلیم کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل نے کتابوں کے سات والیمز بھی جمع کرائے۔

عدالت نے کہا کہ یہ کورسز اردو، انگریزی اور سندھی زبان میں طلبا کیلئے چھاپے گئے ہیں، گریڈ ون سے فائیو تک قرآن پاک کی تعلیم نصاب میں شامل کی گئی، گریڈ 6 سے 12 تک قرآن پاک کا ترجمہ نصاب میں شامل کیا گیا۔

واضح رہے کہ سید مسعود حسن گیلانی نے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔