ہائیکورٹ ججزکا خط، اسلام آباد بارایسوسی ایشن کا چیف جسٹس سے انکوائری کا مطالبہ

Published On 27 March,2024 02:50 pm

اسلام آباد : (دنیانیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھنے کے معاملے پر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس پاکستان سے شفاف انکوائری اورملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6ججز کے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھنے کے معاملے پر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں بار ایسوسی ایشن نے عدلیہ کی آزادی و خود مختاری کے منافی اقدامات اور مداخلت پر لکھے گئے خط پر تشویش کا اظہار کیا۔

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی جانب سے  اعلامیہ جاری کیا گیا جس  میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کے 6 معزز ججز صاحبان کی جانب سے چیف جسٹس کو بھجوائے گئے خط میں انٹیلی جنس اداروں کی طرف سے بے جا مداخلت کی بابت مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔

 اعلامیے میں کہا گیا کہ عدلیہ کی آزادی اور خود مختاری کو آئین کا بنیادی وصف سمجھتے ہوئے اس پر مکمل یقین رکھتے ہیں، نظام عدل و انصاف پر عوام کا اعتماد عدلیہ کی آزادی اور خود مختاری سے وابستہ ہے۔

اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کسی بھی ادارے کی دوسرے ادارے میں مداخلت کی بھر پور مذمت کرتی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن عدلیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ آزاد نہ قانون اور آئین کے مطابق فیصلوں کو بے خوف وخطر یقینی بنایا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن معززججز صاحبان کے اس اقدام کو سراہتی ہے جس میں انہوں نے دلیری اور بہادری کا مظاہرہ کیا، یہ کہ وہ ملک اور قومیں ترقی نہیں کرتیں جورول آف لاء کی پاسداری نہ کریں، عدلیہ کی آزادی کی خاطر تحریک بھی چلانا پڑی تو گریز نہیں کریں گے۔