بہتر مستقبل کی تلاش میں کوئٹہ کا ایک اور خاندان کشتی میں ڈوب کر دنیا سے رخصت ہو گیا

Published On 30 March,2024 08:58 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بہتر مستقبل کی تلاش میں کوئٹہ کا ایک اور خاندان کشتی میں ڈوب کر اس دنیا سے رخصت ہو گیا۔

خوشحال زندگی کے خواب لیے ہزاروں افراد پاکستان سے ہر سال یورپ اور دیگر ممالک کے لیے غیر قانونی طریقے سے سفر کرتے ہیں، ان غیر قانونی راستوں میں حادثات کے باعث کئی افراد جان سے بھی چلے جاتے ہیں۔

ان ہی میں کوئٹہ کی علی آغا کی فیملی بھی شامل ہے، علمدار روڈ کے رہائشی سید علی آغا، ان کی اہلیہ 40 سالہ بی بی طاہرہ، 4 بچے 14 سالہ سبحان، 12 سالہ سجاد، 10سالہ فاطمہ اور 5 سالہ کوثر ترکیہ کے سمندر میں یونان جاتے ہوئے کشتی الٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔

علی آغا کے رشتہ دار عادل شاہ کے مطابق 15 سال قبل علی آغا شادی کے بعد پاکستان سے ترکیہ چلے گئے، جہاں وہ محنت مزدوری کرتے تھے، علی آغا کے والدین اور بھائی جرمنی میں مقیم ہیں۔

بہتر مستقبل کی خاطر علی آغا نے ترکیہ سے یورپ جانے کا فیصلہ کیا اور غیر قانونی طریقے سے یورپ جاتے ہوئے بیوی بچوں سمیت جاں بحق ہوئے۔

عادل شاہ کا کہنا ہے کہ 20 مارچ کو انہیں ان کے رشتہ داروں کی موت کی اطلاع ملی، میتوں کو پاکستان لانے کیلئے ان کے پاس وسائل نہیں تھے جس پر استنبول میں ہی تدفین کی گئی۔