لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں لاکھوں فرزندان توحید آج اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے۔
اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ٹھہر جانے یا خود کو روک لینے کے ہیں، اس طرح شریعت کی اصطلاح میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت کی غرض سے مسجد میں قیام کرنے کو اعتکاف کہتے ہیں۔
یہ عبادت جہاں روح کی پاکیزگی کا باعث ہے وہیں خوش نصیبوں کو لیلۃ القدر بھی مل جاتی ہے۔
عالم اسلام کیساتھ پاکستان بھر کی مساجد میں آج بعد نماز عصر لاکھوں اہل ایمان اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے، اس سلسلے میں ملک بھر کی مساجد میں اعتکاف بیٹھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
اعتکاف کے دوران یہ خوش نصیب مساجد میں قائم اپنے خیموں میں اللہ کے حضور سربسجود رہنے، تلاوت قرآن سے فیض یاب ہونے کے ساتھ عبادات میں مشغول رہیں گے۔
اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لئے بعض مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے سحری اور افطاری فراہم کرنے کے خصوصی انتظامات بھی کئے جاتے ہیں جبکہ عام طور پر معتکفین کی سحر و افطاری کا ذمہ ان کے اہل خانہ کا ہوتا ہے۔
عید الفطر کا چاند نظر آ جانے کے بعد متعکفین اعتکاف ختم کر کے اپنے گھروں کو جا سکیں گے۔