دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مسجد کے باہر سے خاتون کے بھیس میں بھیک مانگنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن نے ایک شہری کی جانب سے بھیک مانگنے کی اطلاع پر کارروائی کی، بھیک مانگنے والے عرب شہری نے اپنی شناخت چھپانے کیلئے عبایا اور نقاب پہن رکھا تھا۔
کریمنل انویسٹی گیشن ادارے کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل علی سالم الشامسی نے بتایا کہ تفتیش کی گئی تو بھکاری نے یہ جواز پیش کیا کہ خواتین کو مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہمدردی ملتی ہے، گرفتار شخص سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔
بریگیڈیئر جنرل علی سالم الشامسی نے مزید کہا ہے کہ ایسے افراد سے محتاط رہیں جو رمضان المبارک میں لوگوں کی ہمدردی کا فائدہ اٹھاتے ہیں، شہری بھکاریوں کو رقم نہ دیں اور صرف جائز ذرائع سے عطیات دینے کی کوشش کریں۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل دبئی میں بھکاریوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے حکام نے کہا تھا کہ بھیک مانگتے ہوئے پکڑے جانے والے کو 5 ہزار درہم جرمانہ بھرنے کے ساتھ ساتھ 3 ماہ جیل کی سزا بھی بھگتنا ہو گی۔
بھکاری گینگ چلانے پر 1 لاکھ درہم جرمانہ ہو گا اور گداگروں کو بیرون ملک سے بھرتی کرنے والے کو 6 ماہ کی جیل بھی بھگتنا پڑے گی۔
دبئی پولیس نے رمضان کے پہلے دن 17 بھکاریوں کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایپ پر پولیس آئی سروس کے ذریعے بھیک مانگنے یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے حوالے سے اطلاع دی جائے۔