ماہ رمضان کا چاند نظر آتے ہی ملک بھر میں مساجد کی رونقیں بحال

Published On 12 March,2024 03:18 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رمضان المبارک کے چاند کا اعلان ہونے کے بعد ملک بھر میں آج ایک ساتھ روزہ رکھا جا رہا ہے جبکہ اہلیان اسلام نے بھی بڑی تعداد میں مساجد کا رخ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد آج بروز منگل پہلا روزہ ہے، ماہ مقدس کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، آج پہلا روزہ ہوگا

مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، لاہور، سوات، دیر اور پشاور سمیت مختلف شہروں سے رویت ہلال کی شہادت موصول ہوئیں جس کے بعد متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں آج بروز منگل یکم رمضان ہوگا۔

ملک بھر میں ماہ مقدس کا اعلان ہوتے ہی اہلیان اسلام نے بڑی تعداد میں مساجد کا رخ کیا جس کے بعد مساجد کی رونقیں ایک بار پھر بڑھ گئی ہیں، پہلی تراویح کی ادائيگی کے دوران مساجد میں پرنور مناظر دیکھنے میں آئے، اہلیان اسلام نے کلام پاک کی تلاوت سے بھی دلوں کو منور کیا۔

پہلا روزہ ہونے کی وجہ سے اکاؤنٹ ہولڈرز سے زکوٰۃ کی کٹوتی کیلئے ملک بھر میں آج سرکاری اور کمرشل بینکوں کو عوامی لین دین کیلئے مکمل طور بند رکھا جائے گا جبکہ بینک کا عملہ معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی سرانجام دے گا۔

رمضان کے چاند کا اعلان ہونے کے بعد روزے کی تیاری کیلئے بازاروں میں رش رہا، پھلوں کی قیمتوں نے ہوش اڑائے لیکن خریدار باز نہ آئے، لاہور، کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں سحری کیلئے بازاروں اور دکانوں کو کھلا رکھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
 

Advertisement