ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سمیت خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، چاند نظر آنے والے ممالک میں آج بروز پیر پہلا روزہ ہے۔
سعودی عرب میں چاند دیکھنے کیلئے مملکت کی 10 آبزرویٹریز میں اجلاس ہوئے، سعودی سپریم کورٹ نے بھی عوام سے چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی، سعودیہ کے بیشتر علاقوں پر مطلع ابر آلود تھا ہونے کی وجہ سے امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ چاند نظر نہیں آئے گا۔
سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے حوالے سے سدیر رصدگاہ اور تمیر سمیت دیگر شہروں میں کمیٹیاں تشکیل دی گئیں تاہم سدیر رصدگاہ میں ماہر فلکیات اور دیگر افراد نے غروب آفتاب کے بعد رمضان المبارک کے چاند کا مشاہدہ کیا۔
چاند نظر آنے کی گواہی سعودی سپریم کورٹ کو دی گئی جس کے بعد باقاعدہ طور پر ماہ صیام کے چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا گیا، رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے نماز تراویح اور آئمہ کرائم کا جدول بھی جاری کر دیا۔
مسجدالحرام میں نماز تراویح شیخ عبدالرحمان سدیس، شیخ الولید الشمسان، شیخ بدالترکی پڑھائیں گے، مسجد نبویؐ شریف میں شیخ محمد برہاجی ، شیخ عبدالمحسن القاسم نمازتراویح پڑھائیں گے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا، ملائیشیا اور انڈونیشیا، سنگاپور، فلپائن اور برونائی میں ماہ رمضان کا چاند نظر نہیں آیا جس کی وجہ سے ان ممالک میں پہلا روزہ کل بروز منگل کو ہو گا۔