پشاور: (دنیا نیوز) ملک میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے اورآج بروز منگل پہلا روزہ ہوگا۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں کمیٹی ممبران ڈاکٹر محمد حسین اکبر، سید مشاہد حسین، ڈائریکٹر جنرل مذہبی اموراشرف علی اور مفتی فیصل احمد بھی شریک تھے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چارسدہ روڈ پر اوقاف ہال میں ہوا، کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور، سوات، دیر اور پشاور سمیت مختلف شہروں سے رویت ہلال کی شہادت موصول ہوئیں جس کے بعد متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں آج بروز منگل یکم رمضان ہوگا۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمارے ملک کو اس دفعہ بھی ایک ہی دن روزہ عطاء فرمائے۔