اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جوڈیشل مجسٹریٹ محمد نوید خان نے حقیقی آزادی مارچ پر درج مقدمہ میں مسلسل عدم پیشی پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے جاری کئے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔
علی امین گنڈاپور نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کے لیے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے راجہ ظہورالحسن ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ درخواست گزارنے کبھی جان بوجھ کر اس عدالت میں پیش ہونے سے گریز نہیں کیا۔
انہوں نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار انتخابی مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے،عدالتی احکامات کی حکم عدولی پر غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔
درخواست ہے کہ علی امین گنڈا پور کے 19 مارچ کو جاری کئے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کئے جائیں، وکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ علی امین گنڈاپور کو اس مقدمے سے ڈسچارج کر چکی ہے۔
راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی عدالت میں جمع کرا دی، جس پر عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کئے اور کیس کی مزید سماعت 20 مئی تک کیلئے ملتوی کر دی۔