اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ تین سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہمارا سیاسی اتحاد نہیں ہوسکتا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے پاس ہماری سیٹیں ہیں۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ کراچی کی 22 سیٹوں میں سے صرف تین سیٹیں یہ جیتے ہیں، ہماری 15 نشستیں ایم کیو ایم اور 4 پیپلزپارٹی کے پاس گئی ہیں، کسی کے ساتھ صفر اور کسی کے ساتھ ایک ملا کر یہ سارے جتوائے گئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ انصاف میں دیر نہیں ہونی چاہئے، جس طرح سے فیصلے ہوئے تمام غیر قانونی تھے، قانون کی بالادستی پر یقین کرتے ہیں، عدلیہ پر ہمیں اعتماد ہے، عدلیہ جب ان کیسز کو دیکھے گی تو سارے ختم ہو جائیں گے۔