اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کی رپورٹ کے مطابق ملک میں غیر رسمی تعلیم کے مراکز اور اساتذہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
پی آئی ای کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سکولوں میں لڑکیوں کی رجسٹریشن میں بہتری آئی، غیررسمی تعلیم سکولوں سے باہر 2 کروڑ 62 لاکھ سے زائد بچوں کیلئے امید کی کرن ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے 27 ہزار 763 مراکز میں 9 لاکھ 19 ہزار 128 طلبا کا اندراج کیا گیا، غیر رسمی تعلیم میں رجسٹرڈ طلبہ و طالبات میں سے 59 فیصد لڑکیاں ہیں۔
پی آئی ای کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں لڑکیوں کی رجسٹریشن سب سے زیادہ 73 فیصد ہے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں رجسٹریشن کی شرح 51 فیصد ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں غیر رسمی تعلیم میں رجسٹرڈ طلبہ و طالبات کی تعداد سب سے زیادہ 46 فیصد ہے، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں یہ رجسٹرڈ طلبہ و طالبات کی تعداد صرف 2 فیصد ہے۔
سیکرٹری ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ نئی نسل کو تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت سے آراستہ کرنے کیلئے ٹیکنالوجی سے مکمل استفادہ کرنا ہوگا۔