وزیر اعظم تین روزہ اہم دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

Published On 06 April,2024 04:20 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے تین روزہ غیر ملکی دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اپنے تین روزہ دورے کے دوران 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب میں قیام کریں گے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر اعظم کے ساتھ جائیں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیر اعظم وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کریں گے اور مسجد نبویؐ میں نماز کی ادائیگی کریں گے، اس کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، مختلف ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، تعلقات کی جڑیں مذہبی اور ثقافتی وابستگی پر محیط ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا دورہ سعودی عرب کے حوالے سے کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کمرشل پرواز کے ذریعے روانہ ہوں گے، وزیر اعظم اور وفد کے ارکان سفری اخراجات اپنی ذاتی جیب سے ادا کریں گے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب سے ریکوڈک پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے جبکہ مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کو بھی حتمی شکل دی جائے گی، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو وزیر اعظم دورہ پاکستان کی دعوت بھی دیں گے۔
 

Advertisement