مکمہ مکرمہ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت دیگر ارکان نے بھی عمرہ کی سعادت حاصل کی۔
وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور وفد نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد مملکت پاکستان، عالم اسلام کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے نماز عشاء حرم میں ادا کی اور ختم قرآن کی دعا میں بھی شریک ہوئے۔
گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے روضۂ رسولﷺ پر حاضری دی، نماز عشاء اور نوافل ادا کئے، اس دوران وزیر اعظم نے امت مسلمہ اور ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں خصوصی دعا مانگی۔