لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملے کی بھرپور حمایت کی۔
چودھری شجاعت حسین نے ایران سے متعلق حمایتی بیان میں کہا کہ ایران نے جوابی کارروائی کرنے کے لئے صلاحیت اور ہمت کا مظاہرہ کیا، شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کی جوابی کارروائی پر ایران مبارکباد کا مستحق ہے، ایران کے حملے نے اسرائیل اور اس کے مغربی حمایتیوں کو حیران کر دیا ہے۔
مسلم لیگ ق کے صدر نے کہا کہ پاکستان اور دیگر مسلم ممالک کو ایران کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے، امریکی پریس کو اسرائیل کو بتانا چاہئے کہ وہ غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرے، ایران کی جوابی کارروائیوں نے اسرائیل کی فوجی کمزوری کو بے نقاب کر دیا ہے، اسرائیل اخلاقی، قانونی، سیاسی، نفسیاتی اور سفارتی طور پر ہار گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ایران کے اپنے دفاع کے حق میں جوابی کارروائی کی حمایت کرتا ہوں، ایران نے اسرائیل کے ظلم کی مخالفت کی ہے، اسرائیل انسانیت کا دشمن ہے، 2005ء میں صدر جارج بش کے دورہ پاکستان میں سرکاری ضیافت میں مجھے مدعو کیا گیا لیکن میں نے انکار کر دیا تھا۔
چودھری شجاعت حسین کہا کہ میں ایسے شخص سے ملنا نہیں چاہتا تھا جو مسلم دنیا میں اتنی اموات کا ذمہ دار تھا، پاکستان اور دیگر ممالک کو غزہ میں فوری جنگ بندی کے لئے کام کرنا چاہئے۔