اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی سب جیل بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کے حوالے سے درخواست بحالی کی اپیل پر سماعت آج ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سب جیل بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی سے متعلق منسوخ ہونے والے درخواست کی بحالی کیلئے دائر اپیل پر آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہو گی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اپیل سنیں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چند روز قبل عدم پیروی پر درخواست خارج کر دی تھی، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے وکلاء بیرسٹر سلمان صفدر، عثمان ریاض گِل اور خالد یوسف چودھری نے منسوخ ہونے والی درخواست بحالی کیلئے ایک روز قبل اپیل دائر کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: کسی ادارے سے بات چیت نہیں ہورہی، بات چیت ہوئی تو چھپائیں گے نہیں: بیرسٹر گوہر
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سرینا چوک ناکے پر ٹریفک جام کے باعث عدالت پہنچنے میں تاخیر ہوئی، وکلا کی جانب سے عدالت پہنچنے میں جان بوجھ کر تاخیر نہیں کی گئی، درخواست بحال نہ ہونے سے درخواست گزار کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔
بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست کی سماعت پر وکلا کی عدم پیشی پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا تھا کہ وکلا نہیں چاہتے کہ بشریٰ بی بی جیل چلی جائیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اگر بشریٰ بی بی کے وکلا یہ کیس جیت جاتے تو سابق خاتون اول جیل چلی جاتیں، وکلاء خود نہیں چاہتے کہ بشریٰ بی بی جیل چلی جائیں، مذاق بنایا ہوا ہے، میں نے کہا تھا آئندہ تاریخ پر فیصلہ کروں گا پھر بھی پیش نہیں ہوئے۔