پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے طوفانی بارشوں کے باعث صوبہ بھر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں اب تک 46 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 60 افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق افراد میں 25 بچے، 12 مرد اور 9 خواتین شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں میں 11 خواتین، 33 مرد اور 16 بچے شامل ہیں جبکہ مجموعی طور 2875 مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور 436 گھروں کو مکمل ،2439 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین اور امدادی سرگرمیوں کے لیے 110 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ قبائلی اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کی مد میں 90 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔