پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 8 فروری کو بدترین دھاندلی کی تاریخ رقم کی گئی، کل ضمنی انتخابات میں اس تاریخ کو دہرایا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اصلاح کرنے کے بجائے جعلی مینڈیٹ والی حکومت نظام کو مزید خراب کرنا چاہتی ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھی الیکشن ہوا ہم نے کسی امیدوار پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا، حیرانی ہے پنجاب میں کچھ جگہوں پرعام انتخابات سے زیادہ ووٹ پڑے، خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت ہے ہم نے کوئی دونمبری نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر توانائی کا وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو خط، ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں شفاف الیکشن کروایا، ہمیں ایک لیٹر وفاق کی طرف سے بجلی چوری سے متعلق آیا ہے، ہم اس لیٹر پر خوش آمدید کہتے ہیں، خیبرپختونخوا میں بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، وفاقی حکومت اگر بجلی چوری سے متعلق بات کرنا چاہتی ہے تو شہریوں پر ناجائز مقدمات درج نہ کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بیٹھ کر بات کرے لیکن بدمعاشی نہیں چلے گی، خیبرپختونخوا کے لوگوں کو بجلی چور نہ کہا جائے، وفاق کے واپڈا کے افسران بجلی چوری کرواتے ہیں، کسی شہری کو چور کہا گیا تو برداشت نہیں کروں گا۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ وفاق نے خیبرپختونخوا کے1510 ارب روپے دینے ہیں، ہم اس سے کٹوتی کروا کرعوام کو ریلیف دیں گے، بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق ہمیں تشویش ہے، ٹیسٹ رپورٹ میں زخم موجود ہے، پرامن احتجاج کرنا ہمارا حق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاق جان بوجھ کر خیبرپختونخوا کو فنڈز نہیں دے رہا: مزمل اسلم
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ہر صوبے میں جاکر پرامن احتجاج کروں گا، ہمارا لیڈر جعلی مقدمات میں جیل میں قید ہے، ہماری برداشت ختم ہو رہی ہے، ہمیں باربار نہ چھیڑیں، پی ڈی ایم ون کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہے، فارم 47 والےمینڈیٹ چوروں نے ملک کا برا حال کردیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ہماری مخصوص نشستیں کسی اور پارٹی کو دیدیں، چیف الیکشن کمشنر ہماری سیٹیں واپس کریں، چیف الیکشن کمشنر ایکسپوز نہیں ننگے ہوچکے ہیں، چیف الیکشن کمشنر آئین وقانون کے مطابق چلیں، میں ہر صوبے میں جاؤں گا دیکھتا ہوں مجھے کون روکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں بار بار آئین توڑا جا رہا، ہم آخری حد تک جائینگے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج قربانیاں دے رہی ہے، دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر وفاقی حکومت کو سوچنا چاہئے، وفاقی حکومت سے پولیس فورس مانگ رہے ہیں جو نہیں دی جارہی، وفاقی حکومت این ایف سی معاملات کو کنفیوژ کررہی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ جتنے لوگوں پر بھی 9 مئی کی جھوٹی ایف آئی آرز ہیں انہیں ختم کرکے دکھاؤں گا۔