کراچی: (دنیا نیوز) اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرابراہیم رئیسی کراچی پہنچ گئے، ایرانی صدر نے مزار قائد پر حاضری دی۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا، گورنر سندھ نے معزز مہمان کی کراچی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری، صوبائی وزراء عذرا پیچوہو، شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ نے بھی ایرانی صدر کا استقبال کیا، ایرانی صدر وہاں سے گورنر ہاؤس پہنچے، گورنر ہاؤس سے ایرانی صدر مزار قائد پہنچے جہاں انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور کتاب میں تاثرات قلم بند کئے۔
بعد ازاں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے جہاں ان کا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری اور صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، جام خان شورو نے استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ اور ایرانی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلہ بڑھانے پر اتفاق کیا، اس موقع پر کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، ابراہیم رئیسی نے سندھ میں بہترین مہمان نوازی پر گورنر سندھ کا شکریہ بھی ادا کیا۔