اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے موجودہ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: معیاری تعلیم کا فروغ اولین ترجیح، کوشش ہے کوئی بچہ سکول سے باہر نہ ہو: وزیراعظم
شہبازشریف نے کہا کہ آسٹریلیا کے ساتھ زراعت، لائیو سٹاک، کان کنی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، آسٹریلوی کمپنیاں اور ماہرین پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ اپنی مہارت کا اشتراک کریں، وزیراعظم نے آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں اور طلبہ کا بھی خصوصی ذکر کیا۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا، آسٹریلوی ہائی کمشنر نے باہمی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، آسٹریلوی دفاعی حکام کے پاکستان کے دوروں سمیت آئندہ دو طرفہ مصروفیات پر بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی وفد کی آمد سے سرمایہ کاری، تجارتی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا: وزیراعظم
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کھیل اور ثقافت کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا، آسٹریلوی ہائی کمشنر نے سڈنی میں پاکستانی سکیورٹی گارڈز کی بہادرانہ کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سکیورٹی گارڈز نے سڈنی میں ایک حملے کے دوران کئی جانیں بچائیں۔
واضح رہے کہ حملے میں ایک پاکستانی سکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوا تھا، سڈنی حملے میں پانچ خواتین جاں بحق ہوئی تھیں۔