کراچی : (دنیانیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ معاشی استحکام کا ہے، جس کیلئے وفاق اور صوبوں کو قریبی تعلق بنانا پڑے گا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی کابینہ کیساتھ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میں کراچی حاضر ہوا ہوں، پچھلے کچھ ماہ سے یہاں آنے کا پروگرام بنتا رہا اور تبدیل ہوتا رہا ، شاہ صاحب کا مشکور ہوں جنہوں نے میرا گرم جوشی سے استقبال کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 8فروری کے الیکشن میں پیپلزپارٹی کو اللہ نے سندھ میں اور پنجاب میں مسلم لیگ ن کو خدمت کا موقع دیا، ہمیں مل کرپہلے سے زیادہ تعاون اور تعلق کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے ساتھ بھائیوں والا تعلق بن گیا ہے، سندھ، پنجاب کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، دوسرے صوبوں کی ترقی بھی ملک و عوام کی ترقی ہے، ہمیں ایسے فیصلے کرنے پڑیں گے جو اپنے لیے شاید پسند نہ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، مسائل حل کرنے کی یقین دہانی
شہبازشریف نے کہا کہ ایرانی صدر تشریف لائے، آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں ایسے اور بھی وفد آئیں گے، سرمایہ کاری کیلئے بھی وفد پاکستان کا رخ کریں گے، ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے تو خوشحالی و ترقی کی گاڑی آگے بڑھے گی ، ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں گے اوراس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں اپنی طرف سے اور سندھ کی طرف سے آپ کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دیتا ہوں، جب ہم نے2022 میں شروع کیا تو تب ہمارے پاس بس 15،16 مہینے تھے اب ہمیں سفر کو آگے بڑھانا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ اس وقت کابینہ میں سندھ کی نمائندگی بہت زیادہ ہے ، سندھ کے لوگ امید کرتے ہیں کہ سندھ اور وفاقی حکومت ان کی امیدیں پوری کریں گے۔