راولپنڈی : (دنیانیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے بیک ڈور کسی کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہورہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی ہے، القادرٹرسٹ والا ایک بوگس کیس چل رہا ہے،جو سیاسی بنیادوں پر بنا ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی کا القادر ٹرسٹ سے کوئی لینا دینا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج میڈیا کو بھی کوریج سے روکا گیا، بانی پی ٹی آئی کی بات کے دوران پولیس نے میڈیا کو کیبن سے باہر نکال دیا۔
ان کاکہنا تھا کہ نوازشریف کے سارے کیسز معاف ہورہے ہیں، نوازشریف نےتوشہ خانہ میں لاکھوں کروڑوں کی گاڑیاں لیں مگر کلین چٹ مل گئی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پولیس کا غلط استعمال ہورہا ہے، مریم نواز دفتر میں بھی پولیس کا لباس پہنتی ہیں، ساری پولیس سیاسی طور پر استعمال ہورہی ہے ، اسحاق ڈار نوازشریف کے فرنٹ مین ہیں، اپنے فرنٹ مین کو اپنے استعمال میں لانے کیلئے عہدہ دیا گیا۔
بیرسٹر گوہر کاکہنا تھا کہ کسی بھی ڈائیلاگ پر کسی ادارے سے کوئی بھی پارٹی ممبر بات نہیں کرسکتا، بانی پی ٹی آئی کی اجازت کے بغیر کسی کو ڈائیلا گ کی اجازت نہیں، جس دن بات چیت ہوئی یا ارادہ ہوا میڈیا کو ضروربتائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کا نام پی اے سی کی چیئرمین کے لیے واپس نہیں لیا گیا لیکن اس معاملے پر کل تک فیصلہ ہوجائے گا، خان صاحب کے اوپر ہے کہ وہ کس کو چنیں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اس میں کوئی تنازع نہیں ہے، کل تک نام فائنل ہوجائے گا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کا تنازع ختم ہونا چاہیے، ہماری درخواست سپریم کورٹ میں دائر ہے ہماری درخواست ہے کہ اسے جلد سے جلد سنا جائے۔
انہوں نے کہا ک ہم اپنے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں، ہمارے حقوق کی جنگ کو اگر مزاحمت سمجھتے ہیں تو یہ ان کی مرضی ہے، بانی پی ٹی آئی کئی بار کہہ چکے ملک ،عوام اور فوج ہماری ہے اور یہی ہماری پالیسی ہے۔