لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عون چودھری نے کہا ہے کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں رہنما استحکام پاکستان پارٹی عون چودھری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم مزدور ہمارے کسانوں، مزدوروں اور تمام محنت کشوں کی معاشی ترقی کیلئے خدمات کے اعتراف کا بھی دن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مزدور کی محنت اور جدوجہد کے نتیجے میں ہم سب ایک خوشحال اور متوازن زندگی بسر کر پاتے ہیں، مزدور کی بدولت ہی معیشت اور انڈسٹری کا پہیہ چلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بہت بڑی لیبر فورس اور نوجوانوں کی تعداد ہے جنہیں مناسب مواقع فراہم کر کے معاشی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے، مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔