اپنی آئینی حدود کوبخوبی جانتے، دوسروں سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں: آرمی چیف

Published On 02 May,2024 12:09 pm

رسالپور: (دنیانیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی پاسداری مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔

 آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) نے پاکستان ایئر فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب میں کیڈٹس  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہماری امیدوں کا مرکز، آسمانوں کے محافظ اور علاقائی یکجہتی کے ضامن ہیں، آپ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ کردار، ہمت اور قابلیت کی خوبیوں سے مُزیّن زندگی گزاریں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ آپ کا طرز عمل نہ صرف آپ کی ذاتی اخلاقیات بلکہ قابل احترام ادارے کے لیے بھی غیر معمولی ہوگا، آپ مادر وطن کے دفاع ،عزت و وقار کے لئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے۔

ان کاکہنا تھا کہ عسکری قیادت آپ سے توقع کرتی ہے کہ آپ ہمارے ملک کے بہترین جذبے، ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی لازوال روایت کو ہمیشہ قائم رکھیں گے۔

انہوں  نے مزید  کہا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اُتری ہے، آئین کے آرٹیکل 19 میں واضح طور پر آزادی اظہار رائے کی حدود متعین کی گئی ہیں، جو لوگ آئین میں دی گئی آزادی رائے پر عائد کی گئی واضح قیود کی پامالی کرتے ہیں وہ دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے۔

 جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کررکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی ، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔

ان کاکہنا تھا کہ اسلحے کی دوڑ سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑنے کا امکان ہے، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت مخصوص ٹیکنالوجیز فضائی طاقت کے استعمال کو تبدیل کر نے کے ساتھ ساتھ اس کے دائرہ کار کو وسعت دے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان ایئر فورس اکیڈمی رسالپور میں پاسنگ آؤٹ پریڈ

آرمی چیف  نے کہا کہ ہمیشہ یاد رکھیں کہ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا، آپ کو جو ذمہ داری سونپی جا رہی ہے اس کے لیے پرعزم رہیں اور ریاست پاکستان کے ساتھ وفادار رہیں۔

قبل ازیں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی رسالپورمیں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چیف آف دی ایئر سٹاف ظہیر احمد بابر سندھو کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا ۔

آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس کواعزازات سےنوازا اور پاس آؤٹ ہونیوالے کیڈٹس سے حلف لیا ،تقریب میں  کیڈٹس نے شاندار فلائنگ پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔