اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو ہسپتال منتقل کرنے یا گھر کو سب جیل قرار دینے کی درخواست منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے وزارت داخلہ کو 15 دنوں میں پرویز الہٰی کے ہاؤس اریسٹ کا پروسیجر مکمل کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ پرویز الہٰی کی عمر 78 سال ہے، علاج سے متعلق معاملہ بھی دیکھ لیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو ان کی مرضی کے مطابق طبی سہولتیں فراہم کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ 2 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو اڈیالہ جیل سے لاہور منتقل کرنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔