پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جس ملک میں عدلیہ کھڑی ہوجائے اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
پی ٹی آئی رہنما سینیٹر شبلی فراز نے خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پورے پاکستان سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا اکٹھ تھا، الیکشن کے بعد آج پہلی بڑی بیٹھک تھی جس میں خیالات کا تبادلہ ہوا، پارٹی کو مزید منظم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
شبلی فراز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 9 ماہ سے جیل میں ہیں، ان کی سزاؤں کے حوالے سے گفتگو ہوئی، الیکشن کے بعد پہلی مرتبہ صوبوں کے رہنماؤں سے ہماری ملاقات ہوئی، اجلاس میں تنظیم سازی کے حوالے سے بات چیت ہوئی، صوبوں کو کس طرح سے لے کر چلنا ہے اس حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت جیسے ملکی حالات ہیں اور غیر نمائندہ پارٹی حکومت میں ہیں، وزیراعظم، صدر، وزرائے اعلیٰ کے الیکشن کے حوالے سے اخلاقی جواز ختم ہوگیا، آگے سیاسی اور قانونی جنگ شروع ہونے جا رہی ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اگر جیل میں ہیں تو وہ پاکستان کی خاطر ہیں، بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں یہ میری قوم کے مستقبل کی جنگ ہے، یاد رکھیں ایسے حالات میں یہاں پر کوئی غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آئے گی، محمد بن سلمان کی تحریک انصاف میں خاص عزت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہماری حکومت میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس دو بار ہوئے، ہم محمد بن سلمان کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، اس وقت کی حکومت پر کافی سوالات ہیں، ایسی حکومت ہے جو عوام کی نمائندگی نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ ایک ارب ڈالر آئی ایم ایف سے لینے کیلئے ہم نے کیا کچھ نہ کیا، گندم سکینڈل میں ایک ارب ڈالر سے زائد کے گھپلے کی خبریں چل رہی ہیں، توقع کرتے ہیں قانون و آئین اپنا راستہ بنائے گا، عدالتیں ایسے فیصلے دیں جو ملک کیلئے بہتر ہوں۔