لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میٹرو بس پر ڈیزل کے نرخوں میں اضافے کا بوجھ بڑھنے لگا، آپریٹر کو فی کلومیٹر 23 روپے زیادہ ادا کرنے کی تجویز دے دی گئی۔
لاہور کی سستی اور معیاری ٹرانسپورٹ کو پرانے کرایوں پر چلانا حکومت کیلئے درد سر بن گیا، حالیہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوامی سواری پر بھی اثر انداز ہو گا، پنجاب کے پانچ ماس ٹرانزٹ سسٹم چلانے کے لئے فیول کی مد میں اربوں روپے اخراجات زیادہ ہوں گے، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے زائد اخراجات سے متعلق رپورٹ تیار کر لی۔
گجومتہ سے شاہدرہ تک میٹرو بس چلانے کے لئے نیا فارمولا سامنے آ گیا، نجی کمپنی ویڈا کو فی کلومیٹر پیسوں کی ادائیگی زیادہ کرنے کی تجویز دے دی گئی، ویڈا کمپنی کو سالانہ سرکاری خزانے سے رقم ادا کی جا رہی ہے، ویڈا کمپنی کو فی کلومیٹر 412 روپے ادا کئے جا رہے ہیں، اب ویڈا کمپنی کو فی کلومیٹر 435 روپے دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے میٹرو بس سبسڈی کی مد میں 14 کروڑ 50 لاکھ روپے اضافی بوجھ پڑے گا۔