وزیر داخلہ محسن نقوی کا علامہ اقبال ایئرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹرز بڑھانے کا حکم

Published On 03 May,2024 10:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے علامہ اقبال ایئرپورٹ کا دو گھنٹے طویل دورہ کیا۔

وفاقی وزراء نے ایئرپورٹ پر مسافروں کے لئے سہولتوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے امیگریشن کے مسائل کے فوری حل اور مسافروں کیلئے سہولتیں بڑھانے کا حکم دیا۔

انہوں نے اے ایس ایف، اے این ایف اور کسٹمز حکام سے سرچ کو آسان بنانے کا پلان 24 گھنٹے میں طلب کر لیا، محسن نقوی نے کہا کہ مسافروں کو انتظار کی زحمت سے بچانے کیلئے فوری طور پر امیگریشن کاؤنٹرز کی تعداد بڑھائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: روڈ ٹو مکہ منصوبہ : ایئرپورٹس کے سٹیک ہولڈرز کو عازمین حج کیلئے انتظامات کی ہدایت

محسن نقوی نے کہا کہ امیگریشن کاؤنٹرز بڑھنے سے مسافروں کو انتظار سے نجات ملے گی، مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے آؤٹ آف باکس اقدامات کئے جائیں۔

وفاقی وزراء کی زیر صدارت ایئرپورٹ کے کانفرنس روم میں اجلاس بھی ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء کو مسافروں کی سہولت کیلئے اقدامات کے بارے بریفنگ دی گئی۔