اسلام آباد: (دنیانیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی ازبکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف کی دفتر خارجہ آمد پر ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نےمعزز مہمان کا استقبال کیا۔
ازبک وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی ، اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط دوستانہ تعلقات ہیں، ازبکستان کے ساتھ تجارت ، معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں۔
ازبک وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے کہا کہ پاکستان آ کر بہت خوشی ہوئی،پاکستان ہمارا دوسرا گھرہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔