نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے گیمبیا کے وزیر خارجہ کی ملاقات، مفاہمتی یادداشت پر دستخط

Published On 03 May,2024 10:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے گیمبیا کے وزیر خارجہ کی ملاقات ہوئی، پاکستان اور گیمبیا کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔

وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان مذہبی وابستگی، باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار پر مبنی گہرے تعلقات کو سراہا، وزیر خارجہ نے گیمبیا کی حکومت کو 15 ویں او آئی سی اسلامی سربراہی اجلاس کے کامیابی سے انعقاد پر مبارکباد دی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور گیمبیا کے تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا، تجارت، زراعت، تعلیم اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت کثیرالجہتی فورمز میں دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور گیمبیا کے درمیان خوشگوار دوطرفہ تعلقات ہیں، دوطرفہ سیاسی اور اقتصادی امور اور کثیرالجہتی فورم پر بھی تعاون جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دو طرفہ سیاسی مشاورت سے متعلق مفاہمت کی یادداشت باہمی طور پر مفید تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دونوں وزارت خارجہ کے درمیان باقاعدہ بات چیت اور مشغولیت کے لیے ایک فورم فراہم کرے گی۔