پاکستان بار کونسل کی وکلاء پر پولیس کارروائی کی مذمت، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

Published On 08 May,2024 05:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ریاضت علی سحر نے لاہور میں وکلاء پر پولیس کارروائی کی شدید مذمت کی۔

پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ریاضت علی سحر نے کہا کہ پولیس نے وکلاء کے ساتھ وحشیانہ سلوک کیا اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا، وکلاء سمیت ہر فرد کو پرامن احتجاج میں حصہ لینے کا بنیادی حق حاصل ہے، وکلاء کے خلاف پولیس کی بربریت کی ایسی کھلی کارروائیوں کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔

وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے وحشیانہ رویئے نے وکلاء کے وقار اور عزت کو مجروح کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے اور عبرتناک سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے غیر قانونی اقدام کی مذمت میں ملک بھر کے وکلاء جمعرات کو مکمل ہڑتال کریں گے، لاہور کے وکلاء کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے عدالتوں میں پیش ہونے سے گریز کریں گے۔