فارم 47 والی حکومت چلتی رہی تو حالات مزید خراب ہوں گے: عارف علوی

Published On 12 May,2024 02:35 pm

لاہور:(دنیا نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف و سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمان فارم 47 سے بنی ہے اس کے پاس مینڈیٹ کم ہے، بانی پی ٹی آئی بھاری مینڈیٹ لینے کے باوجود جیل میں ہیں، اگر فارم 47 والی حکومت چلتی رہی تو حالات مزید خراب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جمعرات کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، ان کی صحت اچھی ہے اور وہ اچھے موڈ میں تھے، بات چیت ہی ملکی مسائل کا حل ہے، میں پل کا کردار ادا کرتا رہا ہوں ،میں بات چیت کے لیے کوشش کرتا رہوں گا، ناکامی تب ہو گی جب ناکامی مان لوں گا۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ فوج میری ہے میں نے ہمیشہ اس کا دفاع کیا اور کرتا رہوں گا، ہمارے تمام ادارے اس بند گلی میں چلے گئے ہیں، پاکستان کو اس وقت انویسٹمنٹ کی ضرورت ہے، سعودی عرب سے جو وفد آیا اس سے فائدہ ہو گا۔

ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ میڈیا آزاد ہے تو لوگوں کو پتہ چل رہا ہے دنیا میں کیا ہو رہا ہے، غزہ میں سوشل میڈیا پر تصویروں سے پتا چلا کتنا ظلم ہو رہا ہے، میڈیا کی آزادی پاکستان کے لیے اہم ہے، پاکستان واحد ملک ہے جس میں سوشل میڈیا کو بند کیا گیا، سوشل میڈیا عوام کے ہاتھ میں ہے جس سے افواہیں پھیلتی ہیں۔