پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں تکمیل کے قریب منصوبوں کو فنڈز کی فراہمی میں پہلی ترجیح دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لئے محکمہ آبنوشی، آبپاشی اور مواصلات کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غوروخوص کیا گیا، ان محکموں کے جاری منصوبوں کے لئے فنڈز الوکیشن اور دیگر امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جاری منصوبوں خصوصاً تکمیل کے قریب منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبے شامل نہ کئے جائیں جن پر مقررہ وقت میں عملدرآمد ممکن نہ ہو، اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے ضرورت کی بنیاد پر ترجیحی منصوبے تجویز کئے جائیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی کے کا کہنا تھا کہ نئے منصوبوں میں ان علاقوں کو ترجیح دی جائے جہاں پہلے کام نہیں ہوا، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صرف وہ سکیمیں شامل کی جائیں جو ہر لحاظ سے قابل عمل ہوں اور جو منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہوں ان کے لئے سالانہ خاطر خواہ فنڈز مختص کئے جائیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، صوبائی دارالحکومت پشاور کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فلٹریشن کے منصوبے تجویز کئے جائیں، جنوبی اضلاع میں پینے کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔